ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: تاریخ میں پہلی مرتبہ نیشنل ہائی وے 66 رہا بارہ دنوں تک ٹریفک کے لئے بند

کاروار: تاریخ میں پہلی مرتبہ نیشنل ہائی وے 66 رہا بارہ دنوں تک ٹریفک کے لئے بند

Sun, 28 Jul 2024 12:11:33    S.O. News Service

کاروار،  28 / جولائی (ایس او نیوز) کرناٹکا کو کیرالہ، تملناڈو، گوا اور مہاراشٹرا سے جوڑنے والا اور ساحلی کرناٹکا کی لائف لائن سمجھا جانے والا نیشنل ہائی وے 66 انکولہ میں پہاڑی کھسکنے کا حادثہ پیش آنے کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ آمد و رفت کے بارہ دنوں تک مکمل بند رکھا گیا ہے ۔
    
انکولہ تعلقہ کے شیرور میں ایک طرف پہاڑی چٹان کے ملبے گم ہونے والے مزید تین افراد کی تلاش کا کام ابھی جاری ہے ۔ دوسری طرف سڑک پر گرا ہوا بچا کھچا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ بھی چل رہا ہے ۔ اس دوران اتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے بتایا ہے کہ جیولوجیکل سروے آف انڈیا اور ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی رپورٹ ملنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔
    
توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دو تین دن کے اندر اتر کنڑا کے انکولہ علاقے میں نیشنل ہائی وے 66  رکی ہوئی ٹریفک دوبارہ شروع ہو جائے گی ۔ 
    
احتیاط برتنے کی ضرورت ہے :    اتر کنڑا میں مختلف مقامات پر پہاڑ اور زمین کھسکنے کے امکانات کے سلسلے میں اس سے قبل جیولوجیکل سروے آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں محتاط رہنے کی ہدایت دی تھی ۔ مغربی گھاٹ کے علاقے میں کسی بھی منصوبے پر عمل در آمد سے پہلے کچھ احتیاطی اقدامات کی تفصیل بتائی گئی تھی ۔ خاص طور پر آرے بیل گھاٹ، انشی گھاٹ، دیوی منے گھاٹ، کلچے اور کوڈسلّی ڈیم کے آس پاس زمین کھسکنے کے امکانات ظاہر کیے تھے ۔ اب اس فہرست میں سداپور اور کمٹہ کے درمیان واقع بڈال گھاٹ، گیروسوپّا ہائی وے، نیشنل ہائی وے 66 بھی شامل ہو گیا ہے ۔ 
    
لہذا اب آنے والے دنوں میں مانسون کے دوران زمین کھسکنے کے واقعات روکنے کے لئے کس طرح کے منصوبے بنانے ہونگے اس کا جائزہ لینا اور اقدامات کرنا لازمی ہوگیا ہے ۔ 


Share: